سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) ایک پبلک لسٹڈ لارج اسکیل کمپنی (ایل ایس ایل) ہے اور یہ پاکستان کی سب سے بڑی اور مستحکم گیس کمپنی ہے- حکومت پاکستان براہ راست اور بالواسطہ کمپنی کے سب سے زیادہ حصص کی مالک ہے- کمپنی قدرتی گیس ٹرانسمیشن اور تقسیم کے کاروبار میں مصروف عمل ہے اور اس کے علاوہ ہائ پریشر ٹرانسمیشن اور کم دباؤ کی تقسیم کا کام بھی کرتی ہے-
ایس ایس جی سی ایل کا ٹرانسمیشن کا نظام بلوچستان اور سندھ کے صوبوں میں پھیلا ہوا ہے جو ۴۲”-۱۲” قطر کی ۳،٦۱۴ کلومیٹر ہائ پریشر پائپ لائنوں پر مشتمل ہے- اس کی تقسیم کا سلسلہ سندھ اور بلوچستان کے ۱۲۰۰ ٹاؤنز کا احاطہ کرتا ہے جس کا انتظام اس کے علاقائ دفاتر کرتے ہیں- مالی سال ۱٦-۲۰۱۵ میں ان علاقوں میں ۸۔۲ ملین کے قریب صنعتی تجارتی اور گھریلو صارفین کو ۴۴۷٦۱ کلومیٹر سے زیادہ کے نیٹ ورک کے ذریعہ تقریباً ۳۸۴،۹۷۹ ملین کیوبک فٹ گیس فروخت کی گئ- کمپنی ملک کے واحد گیس میٹر بنانے والے پلانٹ کی مالک ہے اور آپریٹ کرتی ہے جسکی پیداواری گنجائش سنگل شفٹ کی بنیاد پر ۳۵٦،۰۰۰ میٹر سالانہ ہے-
کمپنی ایک خودمختار بورڈ آف ڈائریکٹرز کے زیرانتظام کام کرتی ہے جس کے گیارہ ممبر ہیں- مینیجنگ ڈائریکٹر/چیف ایگزیکٹیو کا تقرر حکومت پاکستان کرتی ہے اور اسکو وہ اختیارات حاصل ہیں جو بورڈ آف ڈائریکٹر کمپنی کے کاروبار کو موثر طور پر چلانے کیلئے ضروری سمجھتے ہیں-